کراچی: عدالتوں پر حملوں کا خطرہ‘ سیشن جج نے آئی جی سے سکیورٹی رپورٹ مانگ لی
کراچی (این این آئی) کراچی میں عدالتیں بھی دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں حملوں سے متعلق دھمکی آمیز کالز کے بعد عدالتوں کی سکیورٹی میں اضافہ کرکے غیرمتعلقہ افراد کے داخلے پر پاپندی لگا دی۔ حملوں کے خطرات کے باعث کراچی بار ایسوسی ایشن اور سٹی کورٹ کیلئے ریڈ الرٹ جاری، حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ بار ایسوسی ایشن نے ساڑھے 7ہزار وکلائ، ججز، عدالتی عملے، جیلوں سے آنے والے قیدیوں سمیت سٹی کورٹ آنے والے شہریوں کے تحفظ کیلئے سکیورٹی طلب کرلی۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کو بار بلڈنگ اور سٹی کورٹ کی عدالتوں کو الرٹ ملنے کے بعد بار عہدیداروں نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی سہیل جبار ملک کو باقاعدہ تحریری اطلاع دی ہے جس کے بعد فاضل عدالت نے سکیورٹی انچارج ہونے کے ناطے سٹی کورٹ کی فول پروف سکیورٹی کیلئے آئی جی سندھ کو ذاتی طور پر رپورٹ کے ہمراہ طلب کرلیا۔ ایس ایچ او سٹی کورٹ سمیت دیگر ذمہ داروں کو تحریری اطلاع دیتے ہوئے حکم دیا کہ وہ ملک میں چند دنوں میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں سکیورٹی کو چیک کریں اور مختلف کالعدم تنظیموں اور خطرناک دہشت گردوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد سٹی کورٹ کی سکیورٹی فول پروف بنائیں۔