ضیاء اللہ آفریدی کو پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجود رہائی نہ مل سکی، دیگر کیسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
پشاور(بیورو رپورٹ) خیبر پی کے احتساب کمیشن کے زیر حراست سابق صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی کو پشاور ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہائی کے احکامات ملنے کے باوجود بھی رہائی نہ مل سکی۔ احتساب کمیشن کی خصوصی عدالت نے ملزم کو تحصیل تنگی اور ضلع ایبٹ آباد میں غیر قانونی مائننگ کرنے کے مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ ملزم کے خلاف احتساب عدالت میں 3 ریفرنسز کے تحت مقدمات زیر سماعت ہیں جس میں سے ایک مقدمہ میں پی ٹی آئی کے سابق وزیر معدنیات نے پشاور ہائی کورٹ سے گزشتہ روز ضمانت حاصل کر لی تھی۔ دو کیسز احتساب کمیشن کی عدالت میں سماعت کے لئے پیش کئے گئے سماعت کے دوران احتساب کمشن کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سابق صوبائی وزیر کو پشاور ہائی کورٹ نے ایک کیس میں ضمانت پر رہا کر دیا ہے جبکہ دیگر دو کیسز میں ملزم کی ضمانت نہیں ہوئی لہٰذا ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں بھیجا جائے۔