بلاول کی زیرصدارت اجلاس میں فیصل آباد کے عہدیدار وٹو کیخلاف پھٹ پڑے خبر بے بنیاد‘ شرانگیز ہے: راجہ ریاض
لاہور+اسلام آباد (خبرنگار/ آئی این پی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے زیرصدارت اجلاس میں ذرائع کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کے عہدیدار اور کارکن میاں منظور وٹو کے خلاف پھٹ پڑے اور مؤقف اختیار کیا منظور وٹو کی وجہ سے پارٹی کوبہت نقصان ہو رہا ہے، ایسی قیادت کو فوری تبدیل کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے منظور وٹو کو فوری عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا باقی اضلاع کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا، پارٹی کی مضبوطی کیلئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ خبرنگار کے مطابق ڈویژنل کوآرڈینیٹر فیصل آباد راجہ ریاض نے خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا خبر بے بنیاد اور شرانگیزی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا دونوں اجلاس چیئرمین کے ساتھ خوشگوار ماحول میں ہوئے جس میں انہوں نے پنجاب پارٹی کی لیڈرشپ کی کوششوں جو وہ پارٹی کیلئے کررہی ہے کو سراہا۔