• news

اقتصادی راہداری بلوچستان کیلئے گیم چینجر ہوگی‘ امن واپس آرہا ہے: سرفراز بگٹی

نیویارک (نمائندہ خصوصی) پاکستان چین اقتصادی راہداری بلوچستان کیلئے خاص طور پر گیم چینجر ثابت ہوگی۔ گوادر کو چینی صوبے ژن جیانگ سے ملانے والے اس روٹ سے بلوچستان میں کئی سال بعد امن واپس آرہا ہے اور ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے اپنے دورہ نیویارک میں امریکہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا صوبائی حکومت تعمیراتی کاموں کے دوران ورکرز کی فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گی۔ ہم کسی کو بھی اس پراجیکٹ کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا امن و استحکام کی واپسی کے بعد بلوچستان سیاسی مسئلہ نہیں رہا جیسا کہ بعض حلقوں کی جانب سے ایسا ظاہر کیا جارہا ہے یہ اب صرف ایک انتظامی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں سول اور ملٹری کے بہترین کوآرڈینیشن سے کی جانے والی کارروائیوں سے دہشت گردوں کو بڑا دھچکا لگا ہے اور وہ اب فرار ہو رہے ہیں۔ پاکستان کے خلاف لگائے جانے والے نعرے ناکام ہو چکے ہیں۔ باقی رہ جانے والے دہشت گردوں پر انتظامی اقدامات سے قابو پا لیا جائے گا۔ کامیابی کی وجہ فوج اور سول حکومت کا ایک پیج پر ہونا ہے۔ بلوچستان میں کہیں بھی فوجی آپریشن نہیں ہو رہا۔ صوبائی حکومت نے پولیس کی مدد کیلئے فرنٹیئر کور کا تعاون حاصل کیا ہے۔ بلوچستان اسمبلی کے 28 ارکان کے وفد کے ساتھ نیویارک آنے والے سرفراز بگٹی نے کہا بلوچستان میں لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے اور اب وہاں مارکیٹیں رات گئے تک کھل رہی ہیں۔ اپنی پریس کانفرنس میں سرفراز بگٹی نے کہا دہشت گردی میں کمی کے ساتھ ڈکیتی اور دیگر جرائم میں بھی کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پولیس ڈیپارٹمنٹ میں لائی جانیوالی اصلاحات ہیں، پولیس کو جدید آلات فراہم کئے گئے ہیں اور تمام تقرریاں میرٹ پر کی جارہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن