• news

کوئٹہ‘ جھل مگسی میں فائرنگ‘ اے ایس آئی‘ لیویز اہلکار شہید: جھڑپ‘ 4 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ+ جھل مگسی (بیورو رپورٹ + نیوزایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ اور جھل مگسی میں فائرنگ کے دو واقعات میں اے ایس آئی اور لیویز اہلکار شہید ہوگئے جبکہ کوئٹہ میں ایف سی اور حساس ادارے کے اہلکاروں کے ساتھ جھڑپ میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، 30 کلو بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔ سوئی میں حساس اداروں نے کارروائی کر کے 15 کلو وزنی بم، 4 ڈیٹونیٹر اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو کوئٹہ کے علاقے سریاب کے علاقے نوشکی سٹاپ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر علی نواز پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ ملزمان موقع واردات سے فرار ہوگئے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعش کو سول ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش جبکہ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی۔ دوسری جانب جھل مگسی کے علاقے گنداوا پولیس تھانہ کے سامنے نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں لیویز اہلکار محمد یونس موقع پر ہی شہید ہو گیا جبکہ فائرنگ کی زد میں اسکا والد شدید زخمی ہو گیا۔ ادھر فرنٹیئرکورنے ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں تخریب کا ری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 15کلو گرام وزنی بم، 4ڈیٹو نیٹر، ایک ریموٹ اینٹینا برآمد کر لیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق منگل کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی گوٹھ عرض محمد ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائی کرکے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 15کلو وزنی بم، 4ڈیٹونیٹر، ایک ریموٹ اینٹینا برآمد کر لیا۔ تخریب کار ایف سی قافلے پر حملہ اور گیس پائپ لائن کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔ ادھر سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے، سڑک کنارے 2 بم ناکارہ اور 2 راکٹ بھی برآمد کرلئے۔ ادھر ڈیرہ اللہ یار کے قریب تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایف سی اور پولیس نے سڑک کنارے نصب 6 کلو گرام بارودی مواد برآمد کرکے ناکارہ بنادیا۔ اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق وفاقی پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن ونگ نے چار منظم اور خطرناک گینگ پکڑ لئے جن کے 11 ملزمان سی آئی اے منتقل کردیئے گئے۔ ایک اشتہاری بھی دھر لیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں وفاقی پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران سات افغان باشندوں سمیت 36 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ادھر کوئٹہ کے نواحی علاقے میں ایف سی ، حساس ادارے کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوگیا۔ منگل کی رات حساس ادارے کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مستونگ سے کچھ دہشت گرد کوئٹہ کی طرف جارہے ہیں۔ ا ہلکاروں نے کوئٹہ کے نواحی علاقے میاں غنڈی میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کردی اسی دوران دہشت گردوں نے ایف سی اور حساس ادارے کے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی ایف سی اور حساس ادارے کی جوابی کارروائی میں 4دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوگیا۔ رات گئے تک شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا جس کے باعث کوئٹہ اور مستونگ کے درمیان شاہراہ پر ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی۔ ادھر ضلع پنجگور میں ایف سی کیمپ پر دو راکٹ کے گولے فائر کئے گئے، کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کی آواز دُور دُور تک سنی گئی۔ علاوہ ازیں حساس ادارے اور ایف سی نے نصیر آباد کے گوٹھ شاہ نواز میں کارروائی کرتے ہوئے دو روسی ساختہ میزائل اور بیٹریاں برآمد کرلیں۔

ای پیپر-دی نیشن