مظفر آباد: بھارتی جارحیت کیخلاف ارکان آزاد کشمیر اسمبلی کی ریلی
مظفر آباد (آن لائن) بھارت کی لائن آف کنٹرول پر مسلسل جارحیت اور خلاف ورزیوں کے خلاف ارکان آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے دفتر تک ریلی نکالی‘ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے ریلی کی قیادت کی اور یو این دفتر میں احتجاجی یادداشت پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز ارکان آزاد کشمیر اسمبلی نے مظفر آباد میں بھارت کی جانب سے مسلسل جارحیت اور آئے روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر بھارتی فوج اور حکومت کے خلاف اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے دفتر تک ریلی نکالی اور دفتر میں احتجاجی یاداشت پیش کی۔ ریلی کی قیادت وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کی جبکہ اس موقع پر آزاد کشمیر اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر فاروق حیدر اور سپیکر غلام صادق، ارکان اسمبلی اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی ریلی میں شریک تھے۔ ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارت آئے روز سرحدی حدود کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور نہتے کشمیریوں اور پاکستانیوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارتی جارحیت سے اب تک درجنوں پاکستانی اور کشمیری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ ملوث ہے اور ’’را‘‘ دہشتگرد کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کا امن و امان خراب کر رہی ہے اور دہشتگردی کو فروغ دے رہی ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بھارت کے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کا عالمی برادری نوٹس لے اور بھارت کو پاکستان اور کشمیر میں جارحیت سے روکے۔