• news

مسئلہ کشمیر پر مذاکرات ضروری ہیں‘ پاکستان‘ بھارت کی حوصلہ افزائی کرینگے: امریکہ

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی+ آن لائن) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت مذاکرات کی ناکامی سے مایوسی ہوئی، مذاکرات کی بحالی کی حوصلہ افزائی کریں گے، کشمیر کا معاملہ بھارت اور پاکستان نے ہی حل کر نا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان بھارت مذاکرات نہ ہونے سے سخت مایوسی ہوئی۔ مذاکرات کی جلد بحالی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ کشمیر میں کشیدگی کے حوالے سے کسی نتیجے پر پہنچنے کے لئے دونوں ممالک کے رہنماؤں میں مذاکرات ضروری ہیں۔ جان کربی نے کہا کہ آئندہ ماہ جنرل اسمبلی کے اجلا س کے موقع پر دونوں ممالک کے پاس بات چیت کا اہم موقع ہو گا تاہم پاکستان اور بھارت اس کا فائدہ اٹھاتے ہیں یا نہیں، کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغان قیادت میں طالبان سے مذاکرات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ چاہتے ہیں افغانستان میں مصالحت کا عمل جاری رہے۔ افغانستان میں امن کیلئے چین اگر کردار ادا کرتا ہے تو یہ مذاکرات میں مدد گار ثابت ہو گا۔ دریں اثناء اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی بحالی اور جنوبی ایشیا کے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اہم ایشوز کے حل کو ضروری قرار دیا ہے۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان کے مطابق بانکی مون نے دونوں ممالک کے رہنمائوں کو کہا ہے کہ وہ آپس کے اختلافات کو مذاکرات سے دور کریں۔ بانکی مون نے امید کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنما جلد مذاکرات کی بحالی کیلئے کوشش کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن