افغانستان: گیس سٹیشن پر دھماکے‘ 10 بچوں سمیت 11 افراد ہلاک‘ 18 زخمی
ہرات (اے ایف پی) افغانستان کے مغربی شہر ہرات کے قریب ایک گیس سٹیشن پر ہونے والے دھماکے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں دس بچے شامل ہیں۔ ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ اس میں 18 دوسرے افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق کیمپ کے قریب ہرات کے نواح میں گیس ٹرمینل پر کئی بڑے دھماکے ہوئے ہیں۔اس کیمپ میں افغانستان میں جاری جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہو جانے والے افراد تھے۔ حکام کے مطابق دھماکوں کی آواز پورے شہر میں سنی گئی اور رات کی تاریکی میں شعلوں کو آسمان میں بلند ہوتے دیکھا گیا۔حکام کے مطابق ہسپتال ترجمان محمد رفیق شیرازی نے بتایا کہ 11 ہلاکتوں کے علاوہ 18 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ان تمام لوگوں کا تعلق اس پناہ گزین کیمپ سے ہے جو کہ گیس ٹرمینل کے پاس واقع ہے۔ابھی دھماکے کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ تھا یا کوئی حادثہ۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔