واجد علی نے قومی، بین الاقوامی بیڈمنٹن کو خیرباد کہہ دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سات مرتبہ کے قومی بیڈمنٹن چیمپئن واجد علی نے قومی اور بین الاقوامی بیڈمنٹن کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ مستقبل میں بیڈمنٹن اکیڈمی بنا پر ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ واجد علی کا کہنا تھا کہ پندرہ سالہ کیرئر میں بیڈمنٹن کھیل کو خوب انجوائے کیا ۔ میری ترقی کے پیچھے ماں باپ کی دعاوں کے ساتھ کوچ لیاقت علی کی انتھک محنت شامل رہی ہے۔ کوشش ہوگی کہ فیڈریشن کے ساتھ ملکر اس کھیل کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کروں۔ پاکستان نے مجھے قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہت عزت دی ہے اب ہماری ذمہ داری ہے کہ پاکستان نے ہمیں جو عزت دی ہے اب اس کھیل میں نئے کھلاڑیوں کو لا کر انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں۔ واجد علی کا کہنا تھا کہ لاہور میں بیڈمنٹن اکیڈمی بنانے کا ارادہ ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کر سکوں۔