• news

قومی ڈومیسٹک کرکٹ نشریاتی حقوق، پی ٹی وی سپورٹس نجی چینل میں مقابلہ

لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے لئے پی ٹی وی سپورٹس اور نجی سپورٹس چینل میں مقابلہ، فیصلہ چند روز میں ہونیکا امکان، پی سی بی کا جھکاؤ نجی سپورٹس چینل کی طرف،غیر معیاری کوریج اورمعاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق پی ٹی وی سپورٹس سے چھن جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ رواں سال کرکٹ سیزن کے لئے نشریاتی حقوق نجی سپورٹس چینل کو دینے کے بارے میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔پی ٹی وی سپورٹس کی طرف سے فیصل آباد میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں غیر معیاری پروڈکشن اور کمنٹری پیش کرنے پر چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ بھی کیا تھا اور پی ٹی وی سپورٹس کے اعلیٰ حکام کے غیر پیشہ ورانہ رویے پر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔ سرکاری سپورٹس چینل کو اپنے کمنٹیٹرز کو برطرف کرنا پڑا تھا۔پی سی بی پی ٹی وی سپورٹس کی اعلیٰ ترین شخصیت کو بھی متعدد بار شکایت کی لیکن بہتری نہیں آ سکی۔ کرکٹ بورڈ کا جس نجی سپورٹس چینل کی طرف ڈومیسٹک کرکٹ کے حقوق دینے کے لئے جھکاؤ پایا جاتا ہے وہ چینل بھی ماضی میں معاہدے کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے۔ نجی سپورٹس چینل کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ میچز اپنی پسند کے شہر میں رکھے۔ پی ٹی وی سپورٹس کی غیر معیاری کوریج کے مسائل اہل اور قابل افراد کو کھڈے لائن لگانے کیوجہ سے سامنے آئے ہیں۔ ماضی میں سرکاری سپورٹس چینل نے بہترین پروڈکشن سے سب کو متاثر بھی کیا ہے۔دوسری طرف نجی سپورٹس چینل کا ماضی بھی معاہدوں کی پاسداری کے حوالے سے زیادہ اچھا نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن