• news

تحریک انصاف سے اب انتخابات میں ہی نمٹیں گے، بھاگنے نہیں دیں گے: مریم نواز

لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ تحریک انصاف سے اب انتخابات میں ہی نمٹیں گے اب انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ٹربیونلز سے سنائے گئے فیصلوں کے بعد تینوں مقدمات کی اپیلیں واپس لے کر انتخابات میں عوام کی عدالت میں جانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے آج ایک اہم اجلاس مشاورت کیلئے طلب کرلیا جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور اہم وفاقی وزراء شامل ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سردار ایاز صادق کے انتخاب کے کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا جبکہ خواجہ سعد رفیق کا انتخاب کالعدم قرار دیئے جانے کے خلاف اپیل عدالت عظمیٰ میں زیرسماعت ہے۔ گزشتہ روز حلقہ 154 کے بارے میں انتخابی ٹربیونل کے فیصلہ کے بعد پیدا شدہ صورتحال کی روشنی میں سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی بجائے دوبارہ عوام سے رجوع کرنے اور تینوں حلقوں میں ضمنی انتخابات لڑنے کیلئے پارٹی کے اندر مضبوط رائے پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم کی صدارت میں اجلاس کے بعد حتمی فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔ آج کے اجلاس میں وزیر خزانہ ایم کیو ایم سے مذاکرات کی رپورٹ بھی پیش کریں گے۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید اور رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ الیکشن ٹربیونلز سے آنے والے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، عدالت سے فیصلے برقرار رہنے کی صورت میں ضمنی الیکشن کیلئے تیار ہیں۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ فیصلے پر خوشی منانے والے جہانگیر ترین، جسٹس وجیہہ کے فیصلے پر عمل کریں۔ جہانگیر ترین صاحب میں دھمکیوں سے ڈراتا ہوں نہ ڈرتا ہوں۔ اگر میں نے کبھی دھمکی دی ہے تو اس کے ثبوت سامنے لائے جائیں۔ تحریک انصاف عمران خان کی جھوٹ بولنے کی روش ترک کرنے کا آغاز کرے۔ انتخابی میدان میں موقع ملا تو تحریک انصاف کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، پہلے آزاد امیدوار سے شکست کھائی اب جہانگیر ترین شیر سے شکست کھائیں گے۔ تحریک انصاف کو انتخابی میدان میں فرار کا موقع نہیں دیں گے۔ لائحہ عمل وزیراعظم کی مشاورت سے طے کریں گے۔ دریں اثناء رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی‘ ملک میں مڈٹرم انتخابات نہیں ہوں گے‘ اگر عدالت سے بھی فیصلہ خلاف آیا تو ہم ضمنی انتخابات کیلئے تیار ہیں، تحریک انصاف کو پھر شکست دیں گے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان پہلے چاروں حلقوں میں دوبارہ الیکشن کروانے کا غیر آئینی مطالبہ کرتے رہے اور اب وہ الیکشن کمیشن کے ارکان سے استعفے کا غیرآئینی مطالبہ کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) آج بھی پاکستان کی مقبول سیاسی جماعت ہے۔ ٹربیونل کے فیصلوں کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کرنا آئینی طریقہ کار ہے۔ میں کاظم علی ملک کا بطور جج اور انسان احترام کرتا ہوں لیکن ہمیں ان کے فیصلے پر تحفظات ہیں ، ان کے بیٹے کے الیکشن میں حصہ لینے کے خواہشمند ہونے بارے مجھے وارث کلو نے بتایا تھا جو آج بھی رکن اسمبلی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کاظم علی ملک کے فیصلوں پر تحفظات ہیں لیکن اس معاملے پر جوڈیشل کونسل میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن