بھارتی گجرات: پٹیل کمیونٹی کی ہڑتال، جھڑپیں، پولیس فائرنگ سے9 افراد ہلاک، کرفیو نافذ
احمد آباد ( نوائے وقت رپورٹ+بی بی سی +آئی این پی + این این آئی ) بھارتی ریاست گجرات کے دارالحکومت احمد آباد میں پٹیل برادری کی ہڑتال کے دوران پرتشدد واقعات ، پولیس کی فائرنگ ‘جھڑپوں سے 9افراد ہلاک ہوگئے۔ وزیراعلی گجرات نے پٹیل برادری کو مذاکرات کی پیش کش کی ہے۔ ریاستی دارالحکومت احمد آباد میں بھی فوج تعینات کر دی گئی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی آبائی ریاست کے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے اور ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’تشدد سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور آگے بڑھنے کا واحد طریقہ پرامن مذاکرات ہیں۔‘ ریاست میں منگل کو پٹیل برادری کو بہتر تعلیم اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کی تحریک کی قیادت کرنے والے21سالہ نوجوان ہردک پٹیل کی گرفتاری اور رہائی کے بعد کئی علاقوں میں پرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس سی ٹھاکر کا کہنا ہے کہ ضلع بناس کانٹھا میں بدھ کو مشتعل افراد نے ایک تھانے پر حملہ کیا اور اس دوران پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔احمد آباد میں بھی ظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ میں دو لوگوں کی موت کی تصدیق کی۔ پولیس افسر کے مطابق، بدھ کو ریاست میں صورتحال کنٹرول میں ہے اور تمام سینیئر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے لوگوں سے قانون کو ہاتھ میں نہ لینے اور افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی ہے۔2002 کے بعد احمد آباد کے نو اور سورت کے دو تھانے کی حدود سمیت ریاست میں 17 مقامات پر احتیاطاً کرفیو لگایا گیا ہے ۔ احمد آباد شہر اس اپیل پر مکمل طور پر بند ہے اور شہر میں انٹرنیٹ سروس اور موبائل فون سروس دوسرے دن بھی معطل ہے جبکہ سکول، کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ کا نظام بند پڑا ہے۔ پٹیل تحریک کے حامیوں کی جانب سے جلائی گئی بسوں اور دیگر گاڑیوں کی تعداد 100ہوگئی ۔ریاستی وزیر اعلی اندی بین پٹیل نے لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔ انھوں نے لوگوں سے ایسے کام نہ کرنے کی اپیل کی ہے جس سے ریاست میں حالات بگڑیں۔ تشدد کے دوران ریاست میں 10 پولیس چوکیوں کو آگ لگائی گئی جبکہ ریاست اور مرکز میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفاتر پر بھی حملے کیے گئے۔ اس کے علاوہ ممبئی اور دہلی ہائی وے کو متعدد مقامات پر جام کر دیا گیا جس سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ قبل ازی ہرڈک پٹیل کے ساتھی اور تحریک کمیٹی کے ترجمان چراغ پٹیل نے کہا پولیس نے خواتین اور بچوں سمیت کئی مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔