آرمی چیف سے ملاقات: پاکستان خطے میں استحکام کی جنگ لڑ رہا ہے، قربانیاں قابل تحسین ہیں: جنرل آسٹن
راولپنڈی (ایجنسیاں) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے امریکی سنٹرل کمان کے کمانڈر لائیڈ آسٹن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات میں جنرل لائیڈ آسٹن نے د ہشت گردوں کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ جنرل لائیڈ آسٹن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا۔ آسٹن نے شہدا کی یادگار پرحاضری دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل لائیڈ آسٹن نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی جنگ لڑ رہا ہے۔ جنرل لائیڈ آسٹن نے سیکرٹری دفاع عالم خٹک سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان امریکہ دفاعی تعاون کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور افغان مذاکراتی عمل کی بحالی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، سیکرٹری دفاع نے افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کی دراندازی کے حوالے سے امریکی سینٹ کام سربراہ کو پاکستان کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔