قصور: بچوں سے زیادتی کے مرکزی ملزم تنزیل الرحمن کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا
قصور (نمائندہ نوائے وقت) جے آئی ٹی ٹیم نے گذشتہ روز حسین خان والا کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اس دوران بچوں سے زیادتی کے مقدمات کا مرکزی ملزم تنزیل الرحمن وہاں پہنچ گیا جسے لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ حسین خان والا کے معاملہ کی تفتیش کے لئے قائم جے آئی ٹی نے علاقہ کا دورہ کیا۔ جے آئی ٹی ٹیم نے گائوں میں جا کر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے مختلف پانچ مقامات کا معائنہ کیا۔ جے آئی ٹی ٹیم نے متاثرین کو انصاف کی یقین دہانی کروائی تاہم اسی اثنا میں گاوں میں سانحہ حسین خانوالہ کے مقدمات کا مرکزی ملزم تنزیل الرحمن آگیا جسے عوام نے پکڑ کر پولیس تھانہ گنڈا سنگھ کے حوالے کر دیا، پولیس نے ترجمان کے مطابق تنزیل الرحمن 31اگست تک لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت پر ہے اس لئے اسکی گرفتاری نہیں کی گئی۔ تاہم نقص امن کے خطرہ کے پیش نظر اسے پولیس نے اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے ۔