• news

کراچی میں فائرنگ کے واقعات، 2 افراد جاں بحق، پولیس موبائل پر بم حملہ، 2 اہلکار زخمی

کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ایف بی ایریا کراچی میں پولیس موبائل پر کریکر حملہ سے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس موبائل معمول کے مطابق سنیپ چیکنگ کر رہی تھی۔ منگھوپیر میں پولیس مقابلے کے دوران 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد ہوئے۔ دریں اثناء شرافی گوٹھ تھانہ کراچی سے سیاسی جماعت کا ٹارگٹ کلر فرار ہو گیا۔ ملزم ندیم کے فرار ہونے پر سب انسپکٹر سمیت 4 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم ندیم منگل کی رات کو ہی فرار ہو گیا تھا۔ تھانہ شرافی گوٹھ کے چار اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سب انسپکٹر نذر محمد کو لاک اپ میں بند کر دیا گیا۔ ٹارگٹ کلر کو منگل کے روز ہی رینجرز نے گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کیا۔ علاوہ ازیں شاہ فیصل کالونی کے علاقے عظیم پورہ میں مسلح افراد نے ایک شخص 60سالہ محمد حسین کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا جبکہ ملیر سٹی کے علاقے بکرا پیڑی میں موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ سے گھر کے باہر بیٹھا 25 سالہ نادرعلی ہلاک اور 28سالہ ریحان زخمی ہوگیا۔ اس کے علاوہ بلدیہ کے علاقے کاٹج ایریا میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص 35 سالہ ہدایت اللہ زخمی ہوگیا جبکہ چاکیواڑہ میں فائرنگ سے دو افراد حارث بلوچ اور تیمور زخمی ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن