پسند کی شادی کرنے پر والد اور ماموں نے لڑکی پر تیزاب پھینک دیا‘ 70 فیصد جسم جل گیا
وہاڑی‘ ملتان (خبر نگار‘ خاتون رپورٹر) نواحی علاقہ لڈن کے گائوں 56 کے بی میں پسند کی شادی کرنے پر والد اور ماموں نے دلہن پر تیزاب پھینک دیا جس سے 24 سالہ رابعہ کا 70 فیصد چہرہ اور جسم بری طرح جھلس گیا اور اسے تشویش ناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا۔ رابعہ کی پسند کی شادی اسی گائوں کے لڑکے جعفر سے طے تھی۔ بدھ کی علی الصبح اس کے والد شوکت علی اور ماموں محمد ریاض نے سوئی ہوئی رابعہ پر تیزاب پھینک دیا۔ ڈی پی او صادق علی ڈوگر بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے دولہا جعفر اس کے عزیز بلال اور اسکی بہن مظہراں بی بی کے علاوہ دلہن رابعہ کے ماموں محمد ریاض کو حراست میں لے لیا۔