بحیرہ روم میں لیبیا سے آنے والی کشتی سے 50 تارکینِ وطن کی نعشیں برآمد
روم (بی بی سی) اطالوی کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ لیبیا کے ساحلی علاقے سے روانہ ہونے والی ایک کشتی سے انھیں 50 تارکینِ وطن کی نعشیں ملی ہیں۔کوسٹ گارڈز کی خاتون ترجمان نے بتایا لیبیا سے آنے والی اس کشتی میں سوار 430 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ریسکیو آپریشن سویڈن کے بحری جہاز ’پوسائڈن‘ کے ذریعے کیا گیا جس میں یورپی یونین کی سرحدی نگرانی پر مامور فرنٹکس بارڈر ایجنسی کا تعاون شامل تھا۔خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں لیبیا سے دیگر ممالک تک بحیرہ روم سے سفر کرنے کی کوشش کرنے والے ہزاروں تارکینِ وطن ہلاک ہو چکے ہیں۔اطالوی کوسٹ گارڈز کی ترجمان کے مطابق گذشتہ روز ہونے والا ریسکیو آپریشن ان دس مہمات میں سے ایک ہے جو لیبیا کے پانیوں میں جاری ہیں۔تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پوسائڈن کو ملنے والے تارکینِ وطن کی ہلاکت کیسے ہوئی۔ادھر اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ رواں سال یورپ کے سمندروں کو عبور کرنے کی کوشش میں 2000 تارکینِ وطن ہلاک ہو چکے ہیں۔