• news

حکومت نے ود ہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لیا تو غیر معینہ ہڑتال کرینگے : آل پاکستان انجمن تاجران

کراچی (کامرس رپورٹر) بینک ٹرانزیکشن ٹیکس کے خلاف آل پاکستان انجمنِ تاجران کے تمام گروپس کا مشترکہ اجلاس کل لاہور میں طلب کرلیا گیا ہے، اجلاس میں ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائیگا، آج بدھ کو آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین اور آل پاکستان انجمنِ تاجران کے سینئر نائب صدر عتیق میر نے ایک بیان میں بتایا کہ ملک بھر کے تاجروں نے بینک ٹرانزیکشن پر عائد کیئے گئے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں متفقہ طور پر ہڑتال کا اعلان کیا جائیگا اور اس کے باوجود حکومت نے متناعہ ٹیکس واپس نہ لیا غیر معینہ مدّت کی ہڑتال کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے، انھوں نے کہا کہ بینک ودہولڈنگ ٹیکس کے ہولناک نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، سرمایہ بینکوں سے نکل کر ڈالرز، انعامی بونڈز اور سونے کی خریداری پر صرف ہورہا ہے جس کے نتیجے میں ڈالر مہنگا اور پرائز بونڈز بلیک میں فروخت ہورہے ہیں جبکہ مارکیٹوں میں کاروباری لین دین کا متوازی نظام فروغ پارہا ہے، بینکوں کے بجائے ہنڈی سسٹم رائج ہوگیا ہے، حکومت بینکوں سے ٹیکس وصولی اور تاجر سرمایہ نکال رہے ہیں، حکومت کی سخت اور غیرمنصفانہ پالیسیوں سے ٹیکس کلچر تباہ ہوگیا ہے، نئے ٹیکس گذار نیٹ میں شمولیت سے گریزاں اور پرانے فرار ہورہے ہیں۔ انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ حکومت کے غیرذمے دارانہ رویئے کے باعث رواں سال مزید تین لاکھ ٹیکس گذار نیٹ سے فرار اختیار کرلیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن