پیر محل: 5 گھنٹے آپریشن، القاعدہ کمانڈر بیوی اور 2 بچوں سمیت ہلاک
پیرمحل + ٹوبہ ٹیک سنگھ (میاں شاہد حسین سے + نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) رہائشی کالونی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران القاعدہ کا کمانڈر بیوی دو بچوں سمیت ہلاک ہو گیا ایک بچہ اور ایلیٹ فورس کا جوان گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے جبکہ دہشت گرد کی پناہ گاہ سے خود کش جیکٹس، ہینڈ گرنیڈز سمیت جدید اسلحہ بھاری تعداد میں برآمد کرلیا گیا ،بم ڈسپوزل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر خود کش جیکٹس کو ناکارہ بنایا ،آپریشن مسلسل پانچ گھنٹے جاری رہا عیدالاضحی پر شہر میں دہشت گردی کا امکان تھا۔ سکیورٹی اداروں نے مالک مکان خاتون کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق دن کے تقریباً 12بجے سکیورٹی فورسز نے مقامی پولیس کے ساتھ ہائوسنگ کالونی کے ایک مکان پرالقاعدہ کے کمانڈر کی پناہ گاہ پر چھاپہ مارا تو دہشت گرد نے ہینڈ گرنیڈز سے سکیورٹی فورسز پر حملہ کر دیا جس کے نییجہ میں ایلیٹ فورس کا اہلکار معظم رمضان شدید زخمی ہوگیا۔ مقامی پولیس نے ضلع بھر کی فورس کو طلب کرتے ہوئے مذکورہ مکان کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔ ایلیٹ فورس اور سکیورٹی ادارے کے اہلکاروں نے مکان میں داخل ہو کر القاعدہ کے کمانڈر جس کا نام عبدالرحمن بتایا گیا ہے اور اس کی عمر تقریباً 40سال اور گوجرہ کا رہائشی دو بچوں اور بیوی سمیت تین افراد کو ہلاک کردیا جب کہ دہشت گرد خاتون کے ذریعے عیدالاضحی کے موقع پر دہشت گردی کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا اور کمسن بچوں کو بطور خود کش بمبار استعمال کئے جانے کا امکان تھا ۔پولیس نے صحافیوں کو بتایا کہ القاعدہ کے کمانڈر نے مارے جانے کے خوف سے خاتون اور دوبچوں کو گولیاں مار کر خودکو بھی گولی مار لی۔ مقاصد میں کامیاب ہو جاتا تو پورا شہر نجانے کتنی تباہی سے دوچار ہوتا۔ایک زخمی بچے کی حالت ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انتہائی نازک بتائی گئی تھی۔بعدازاں ملٹری کمانڈوزنے ہائوسنگ کالونی کا سرچ آپریشن کیا۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال میں زیر علاج بچے نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد کا ایک ساتھی بازار سودا سلف لینے کیلئے گیا ہوا تھا جس کی گرفتار ی تاحال عمل میں نہیں آ سکی۔نجی ٹی وی کے مطابق چھاپے کے دوران شدید مزاحمت کی گئی۔ دہشت گرد نے ہینڈ گرنیڈ پھینکے اور فائرنگ کی۔ عبدالرحمن کا تعلق القاعدہ کے ڈاکٹر عثمان گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ آئی این پی کے مطابق دہشت گرد حبیب الرحمان کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تھا، دہشت گرد یوم دفاع پر تخریب کاری کی تیاری کر رہا تھا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق ہلاک ہونے والے دو بچوں کے نام زین اور حمزہ معلوم ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق مکان سے پولیس وردیاں، تین خودکش جیکٹس، 2 دستی بم، 6 ٹیلی فون سیٹ، ایک عدد کارڈلیس ٹیلی فون سمیت جدید اسلحہ اور نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں۔