• news

’’بلدیاتی انتخابات، امیدواروں سے غیر مہذب اور ذاتی سوالات نہیں کئے جائینگے‘ الیکشن کمشن نے ریٹرننگ افسروں کو پابند کردیا

اسلام آباد (خبرنگار) الیکشن کمشن نے سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں کاغذات کی جانچ پڑتال کیلئے ریٹرننگ افسروں کو طریقہ کار کا پابند بنا دیا ہے۔ ریٹرننگ افسر امیدواروں سے غیر مہذب اور ذاتی سوال نہیں کرسکیں گے۔ ریٹرننگ افسر امیدواروں سے نامزدگی پیپر میں درج معلومات کے بارے میں سوال کرسکتے ہیں یا دوسری طرف سے اٹھائے گئے سوالات کے حوالے سے امیدوار سے پوچھا جاسکتا ہے، ریٹرننگ افسر، سٹیٹ بنک، ایف بی آر، نادرا یا الیکشن کمشن کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق بھی سوال کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ریٹرننگ افسر ہر قسم کے سوال کرنے میں آزاد تھے جس پر لوگوں کی طرف سے اعتراضات اٹھائے گے جس کے بعد الیکشن کمشن نے کاغذات کی جانچ پڑتال کا طریقہ کار بنا دیا ہے جس کے اندر رہ کر ہی ریٹرننگ افسر امیدوار سے سوال کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ہر ضلع میں ڈسٹرک سکیورٹی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ہوں گے جبکہ ممبران میں ڈسٹرک کوآرڈینیٹر آفیسر،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ڈسٹرک الیکشن کمشنر شامل ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن