حضرت بابا بلھے شاہؒ کے عرس کی 3 روزہ تقریبات آج شروع ہونگی
لاہور/ قصور (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران) پنجابی کے معروف صوفی شاعر اور بزرگ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 258 ویں سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز آج ہوگا۔ تقریبات کا افتتاح صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور میاں عطا محمد مانیکا، سیکرٹری اوقاف شہریار سلطان اور ڈی جی مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری بعد نمازعصر مزار پر رسم چادر پوشی سے کریں گے۔ گزشتہ روز امور مذہبیہ کمیٹی کے چیئرمین سیٹھ محمد اکرم، سرپرست حاجی صفدر علی انصاری، شیخ سعد وسیم، حاجی نسیم اعجاز قادری، مہر عبدالحمید قادری، شیخ منیر احمد، امانت علی ٹھیکیدار و دیگر ممبران امور مذہبیہ کمیٹی کے علاوہ اے ڈی سی و کنٹرولر انتظامات محمد شاہد، ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی، ڈی ایس پی سٹی محمد سلیم ورائچ، منیجر اوقاف گلزار احمد خاں و دیگر نے مزار کو غسل دیا بعد ازاں چادر پوشی کی گئی۔ عرس کے موقع پر پولیس نے انتہائی سخت سکیورٹی کے انتظام کر رکھے ہیں اور زائرین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔ عرس کے موقع پر مقابلہ وارث شاہ، نعت خوانی، محفل مشاعرہ اور محفل سماع سمیت دیگر پروگرامز ہونگے۔ اس موقع پر ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ نے کل 29اگست روز ہفتہ کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔