• news

عمران کو انہی کے لہجے میں جواب دیا جائے لیگی رہنما اجلاس میں پھٹ پڑے‘ان میں اور ہم میں فرق ہے: وزیراعظم کا جواب

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما عمران خان کے رویئے کیخلاف پھٹ پڑے، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سخت لب ولہجہ اپنانے کیلئے کہا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان جو کہتے ہیں کہتے رہیں ان کے رویے اور ہمارے رویے کو عوام دیکھ رہے ہیں عوام کسے پسند کررہے ہیں فیصلہ ہوجائے گا۔ اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ظفر الحق نے وزیراعظم سے کہا کہ عمران خان کو انہی کے لب ولہجے میں جواب دینا چاہئے میں نے زندگی بھر ایسی بات نہیں کی اب اس عمر میں عمران خان کے رویے سے تنگ آگیا ہوں جس پر وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے آپس میں لڑ کر توانائیاں صرف نہیں کرنی چاہئیں ان میں اور ہم میں فرق ہے۔ الیکشن ٹربیونلز کے فیصلے کے بعد ہم عوامی عدالت میں جائیں گے فیصلہ ہونے دیا جائے منفی بات کے خاتمے کے لیے عوامی عدالت میں جانا چاہئے۔ اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں حمزہ شہباز نے صدیق بلوچ کو فون کرکے کہا کہ وہ جعلی ڈگری سے متعلق ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن