سرچ آپریشن، لاہور سے 56، قصور میں 36 مشکوک افراد گرفتار
لاہور/ قصور (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) لاہور پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران56مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ سرچ آپریشن لاہور کی تمام ڈویژنز میں کیا گیا جس کی نگرانی تمام ڈویژنل ایس پیز نے کی اور ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور600 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ہزاروں گھروں، درجنوں ہوٹلوں ، سینکڑوں ورکشاپوں اور ہزاروں افراد کی چیکنگ کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے سرچ آپریشن روزانہ ہوگا۔ مزید براں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع قصور میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 36 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتار اشخاص کا تعلق افغانستان سے بتلایا جارہا ہے۔ سرچ آپریشن قصبہ مصطفی آباد اور کوٹ رادھا کشن میں کیا گیا۔