• news

غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری‘ نارنگ منڈی میں گرمی سے ایک شخص جاں بحق

لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جبکہ گرمی کے باعث نارنگ منڈی میں ایک شخص جاں بحق اور کئی بیہوش ہو گئے۔ لیسکو کا بجلی کا خسارہ 1450 میگاواٹ رہا جس کو پورا کرنے کےلئے ہنزہ فیڈر، شاہ کمال فیڈر سمیت دیگر فیڈرز پر جبری لوڈشیڈنگ کی جاتی رہی۔ اس کے ساتھ اقبال ٹاﺅن، گلشن بلاک، سمن آباد، چوہنگ، ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاﺅن، بند روڈ، مزنگ، یتیم خانہ میں بجلی معمول کی لوڈشیڈنگ سے زیادہ بجلی بند کی جاتی رہی۔ لاہور میں لیسکو کی جانب سے 8گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا جا رہا ہے۔ لیسکو کے ترجمان کے مطابق کسی بھی علاقے میں فورس لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے لوگ پریشان ہو گئے۔ شدید گرمی کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص عبدالحمید مغل دم توڑ گیا جبکہ کئی افراد بے ہوش ہو گئے۔ شہریوں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری سراپا احتجاج بن گئے۔گزشتہ روز وقفے وقفے سے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا اور ہر ایک گھنٹے بعد تین گھنٹے کیلئے بجلی بند ہوتی رہی۔ دیہات میں 16 گھنٹے، شہروں میں 12 گھنٹے بجلی کی آنکھ مچولی نے کاروبار تباہ کردئیے۔ پانی کی بھی قلت رہی۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق اوور بلنگ کی وجہ سے صارفین بلبلا اٹھے صارفین کو موجودہ بلوں میں سینکڑوں روپے یونٹ زائد ڈال دیئے گئے جبکہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے ہونے کے باعث لوگو ںکی راتوں کی نیند اڑ گئی۔ شہریوں نے احتجاج کی دھمکی دی ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں شدید اضافہ ہو گیا اور شہری پریشان ہو گئے۔ علاوہ ازیں شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے گورنمنٹ ہائی سکول کے دو طلبہ بے ہوش ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 کے عملہ نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ دوسری جانب گورنمنٹ اسلامیہ ڈگری کالج کی ایک طالبہ بھی گرمی اور حبس کی وجہ سے بے ہوش ہو گئی۔
لوڈشیڈنگ جاری/ گرمی

ای پیپر-دی نیشن