الطاف حسین کی تقریر پر پابندی لگائی جائے : نثار کا برطانیہ سے مطالبہ
لندن (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ چودھری نثار نے برطانوی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کم ڈارک سے ملاقات میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تقریر پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔ ملاقات میں پاکستان، برطانیہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، خطے کی صورتحال، عمران فاروق قتل کیس، منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری نثار نے کہا کہ برطانوی پولیس سے ہرممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ کم ڈارک نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس میں ملزموں تک رسائی میں تاخیر سے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ نثار نے برطانوی وزیر داخلہ تھریسا مے سے دوسرے روز بھی ملاقات کی۔ چودھری نثار نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات اور ہمہ جہتی تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے سکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی۔ دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاق رائے اس جنگ میں ہماری اصل طاقت ہے‘ افغانستان میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پاکستانی عوام اور ادارے پرعزم ہیں افغانستان میں ہماری پرخلوص کوششوں کو منفی اور غلط ردعمل کا نشانہ بنایا گیا۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر دوستانہ تعلقات خارجہ پالیسی کا بنیادی حصہ ہیں۔ دہشت گردی عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کیلئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہے لیکن کسی کی اجارہ داری یا تسلط قبول نہیں۔
نثار/ مطالبہ