جارحیت اور دہشت گردی ایک ہی سلسلے کی کڑیاں، بھارت نے ہر حد پار کر لی: جنرل راحیل، ورکنگ بائونڈری کا دورہ
سیالکوٹ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سیالکوٹ میں رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بلااشتعال بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دینے پر پنجاب رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے سرحد پر تعینات فوجی دستوں اور مقامی آبادی کے حوصلے کو سراہا۔ آرمی چیف کو ورکنگ بائونڈری اور کنٹرول لائن کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارت نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنا کر دہشت گردی کی ہر حد عبور کر لی۔ بھارت نے بین الاقوامی ضابطوں کی بھی خلاف ورزی کی۔ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور غیراخلاقی کارروائی ہے۔ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں بھارت ملوث ہے۔ سرحد پر بھارتی جارحیت اور پاکستان میں دہشت گردی ایک ہی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ بھارتی افواج جان بوجھ کر جارحیت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز دفتر خارجہ کا بھی کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کر کے دہشت گردی کرا رہا ہے اور اس کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا۔ علاوہ ازیں جنرل راحیل نے سی ایم ایچ سیالکوٹ میں زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ بی بی سی کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ سرحد پر جارحیت کا تعلق ملک کے اندر مبینہ طور پر بھارت کی پشت پناہی سے ہونے والی دہشت گردی سے ہے۔ ٹوئٹر پر راحیل شریف سے منسوب پیغامات میں سے ایک میں انہوں نے کہا کہ ’ہم لائن آف کٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل جارحیت کا پاکستان کے اندر بھارت کی پشت پناہی سے ہونے والی دہشت گردی سے تعلق کو محسوس کر سکتے ہیں۔‘ بھارت نے ورکنگ باونڈری اور لائن آف کنٹرول کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے اور پاکستان کی شہری آبادی کو دہشت زدہ کرنے کے لیے تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی حددوں کو پار کر لیا ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے پیچھے بھارتی مقاصد سے بخوبی آگاہ ہیں۔