کشمیری قیادت سے مشاورت نہ کرنے کی بھارتی تجویز ناقابل، اسی لئے مذاکرات منسوخ کئے : پاکستان
نیویارک(آن لائن) پاکستان نے بھارت کے ساتھ قومی سلامتی مشیروں کی بات چیت آخری لمحے پر منسوخ ہونے کا معاملہ اقوام متحدہ کے نوٹس میں لاتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کا ناقابل تنسیخ حصہ ہیں اور ان کے ساتھ مشاورت نہ کرنے کی بھارتی تجویز اسلام آباد کیلئے ناقابل قبول ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جان ایلیاسن کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے قومی سلامتی مشیروں کی میٹنگ کے لئے پیشگی شرائط عائد کیں جس کے نتیجے میں بات چیت منسوخ کردی گئی ۔ ملیحہ لودھی نے انہیں بتایا کہ بھارت نے تمام تصفیہ طلب معاملات پر بات چیت کرنے سے متعلق روس کے شہر اوفا میں پاکستان بھارت وزرائے اعظم کے مابین ہونے والے سمجھوتے کی خلاف ورزی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز کو ان کے بھارتی ہم منصب جیت وول کے ساتھ ملاقات کرنے کے لئے اسی وجہ سے نئی دہلی نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کشمیری قیادت کو صلاح مشورے کے لئے دعوت نہ دینے کی بھارتی تجویز ناقابل قبول ہے ۔ پاکستان کی خاتون نمائندہ نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کا ایک اٹوٹ حصہ ہیں اور مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنے کیلئے ان کے ساتھ مشاورت کرنا انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت اس وجہ سے منسوخ کی گئی کہ اسلام آباد کو بھارت کے تجویز کردہ ایجنڈا پر اختلاف تھا اور سرتاج عزیز نے کشمیری لیڈران کے ساتھ ملنے کا پروگرام بنایا تھا ۔