خورشید شاہ بتائیں جب لیڈر فرار ہو جائیں تو وہ جنگ کیسے لڑیں گے: عامر خان
اسلام آباد (این این آئی+نوائے وقت رپورٹ)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عامرخان کو چالان اور گواہوں کے بیان کی نقول فراہم کردیں۔ پانچ ستمبر کو عامر خان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہاکہ ایم کیو ایم غریب اور متوسط طبقے کی جماعت ہے،اسکے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے اور اس کے کارکنان کو عدالتوں میں ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا جاتا ہے۔ بڑی جماعت کے رہنمائوں کو بغیر ہتھکڑی کے پیش کیا جاتا ہے، قانون میں اس امتیاز کی گنجائش نہیں ہے۔ عامر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تمام رہنما ملک سے فرار ہو چکے ہیں، خورشید شاہ بتائیں کہ جب لیڈر فرار ہو چکے ہوں تو وہ جنگ کیسے لڑیں گے۔