سرگودھا: کھیتی باڑی کرنے والے طالبعلم کی بی اے میں پہلی پوزیشن، فروٹ کی ریڑھی لگانے والا بی ایس سی میں تیسرے نمبر پر رہا
سرگودھا (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) کھیتی باڑی کرنے والے سرگودھا کے طالبعلم جاوید اقبال نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے تحت بی اے کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ والد کے ساتھ فروٹ کی ریڑھی لگانے والے زبیر علی نے بی ایس سی کے امتحان میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ طالبعلم جاوید اقبال کا تعلق گورنمنٹ ڈگری کالج نورپور تھل خوشاب سے ہے۔ جاوید اقبال نے 619 نمبر حاصل کئے۔ جاوید اقبال نے بتایا کہ اس کے والد فوت ہوچکے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کیلئے کھیتی باڑی کرتا ہے اور شام کو تعلیم پر توجہ دیتا ہے۔ علاوہ ازیں بی ایس سی میں تیسری پوزیشن حاصل کر نے والا زبیر علی جو نامساعد حالات میں بھی محنت کرکے بازی لے گیا زبیر علی اپنے والد کے ساتھ پھل کی ریڑھی لگاتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس کی کامیابی اسکے والدین کی لگن اور دعاؤں کا نتیجہ ہے اور وہ آگے بھی اپنی تعلیم جاری رکھے گا اور اپنے والدین اور اپنے شہر کا نام روشن کرے گا۔