26 ملین کا فراڈ‘ ڈائریکٹر ایڈمن نیشنل ٹریننگ بیورو معطل
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ڈائریکٹر جنرل نیشنل ٹریننگ بیورو، ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا نے این ٹی بی میں 26 ملین کے فراڈ میں ملوث ڈائریکٹر (ایڈمن) عارف اللہ خان کو معطل کر کے فوری انکوائری کا حکم جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر این ٹی بی نے عارف اللہ خان سے سرکاری فنڈ پرائیویٹ اکائونٹ میں جمع کرانے کی وضاحت طلب کی تو اس نے سابق ڈی جی قاضی ظہیر احمد کا حوالہ دیا۔ جب قاضی ظہیر سے عارف اللہ خان کے خط کی تصدیق کی تو ثابت ہوا کہ عار ف اللہ خان نے قواعدو ضوابط کے صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری خزانے میں جمع ہونے والی رقم کو افسران بالا کی منظوری کے بغیر بلیک لسٹڈ آرگنازیشن VETDACO کی چئیر پرسن مِس رضیہ زبیری کے ذاتی اکائونٹ میں جمع کرانے کیلئے اتھارٹی لیٹر جاری کر دیا۔ سابق ڈی جی نے اس اتھارٹی لیٹر سے مکمل لا تعلقی کا اظہار کیا۔ اس غیر قانونی خط کی وجہ سے 26 ملین کی خطیر رقم NTB کے فنڈ کے بجائے مِس رضیہ زبیری کے ذاتی اکائونٹ میں منتقل کرائی گئی۔ تمام دستاویزی ثبوت ملنے پر سیکریٹری وزارت تعلیم ، محمد امتیاز تاجور نے عارف اللہ خان کومعطل کر کے انکوائری کا حکم جاری کر دیا۔ ڈائریکٹر جنرل NTB ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا نے تمام دستاویزی ثبوت پر بنیادی انسانی حقوق کے تحت وضاحت حاصل کرنے کا عمل مکمل کر کے وزارتِ تعلیم کو رپورٹ کی۔ جس کی بنیاد پر انظباطی کاروائی شروع کر دی گئی۔