• news

83 لاکھ کی وارداتیں‘ پنڈی بھٹیاں میں نوجوان قتل‘ فیروزوالہ میں ڈرائیور زخمی

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نمائندگان) لاہور میں 83 لاکھ کی وارداتیں، مزاحمت پر پنڈی بھٹیاں میں نوجوان قتل، فیروزوالہ میں ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ لاہور میں ڈاکوئوں نے ڈیفنس اے کے علاقہ میں ریحان کے گھر میں اہل خانہ کو یرغمال بنا کر گھر سے 42 لاکھ کی نقدی، زیورات، گاڑی، سبزہ زار ای بلاک میں عباس کے گھر سے 16 لاکھ 80ہزار کی نقدی، زیورات و موبائل، جوہرٹائون کے علاقہ میں عمران سے 86 ہزار نقدی و موبائل، لیاقت آباد میں موسی اور اس کی فیملی سے 4لاکھ 76 ہزار نقدی و زیورات اور موبائل، شاہدرہ کے علاقہ میں یاسر اور اس کی فیملی سے 2لاکھ 88 ہزار مالیت کی نقدی وموبائل، ہنجروال کے علاقہ میں رضا اور اس کی فیملی سے1 لاکھ 53 ہزار کی نقدی و موبائل، سٹی رائیونڈ کے علاقہ میں پرویز سے 2لاکھ 15ہزار نقدی و موبائل، نواب ٹائون میں سعید سے 1 لاکھ 80 ہزار کی نقدی و موبائل، غالب مارکیٹ میں رفاقت سے 1 لاکھ 58 ہزار کی نقدی و موبائل، لٹن روڈ میں صفدر سے 65 ہزار کی نقدی و موبائل، ساندہ میں اویس سے 44ہزار نقدی و موبائل، باغبانپورہ میں افضل سے 56 ہزار نقدی و موبائل، ڈیفنس سی میں عباس سے 50ہزار اور موٹرسائیکل چھین لی گئی۔ ڈیفنس اے میں مبشر، راوی روڈ میں رمضان، اقبال ٹائون میں عمران، گجرپورہ میں شاہد، مزنگ میں قدیر، سمن آباد میں اقبال، گلشن اقبال میں عمران، ستوکتلہ میں اسد، رائیونڈ میں رب نواز پرانی انارکلی میں عابد، ریس کورس میں زاہد، نواں کوٹ میں عاطف شمالی چھائونی میں احسن باٹا پور میں عظیم کی موٹرسائیکلیں اور ریس کورس میں الیاس، گلشن راوی میں محمد علی اور ستوکتلہ میں سلمان کی گاڑیاں چوری کرلیں گئیں۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوں کھڑبن میں دوران ڈکیتی، ڈاکوئوں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ گزشتہ رات پانچ نامعلوم ڈاکو مسلح گائوں میں داخل ہوئے دو تین گھروں سے لوٹ مار کی شور بلند ہونے پر اہلیان گائوں جاگ اٹھے انہوںنے بھی فائرنگ شروع کر دی جس پر ڈاکو فائرنگ کرتے فرار ہو گئے جاتے ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ممتاز ولد اصغر علی قوم ماچھی گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق چک 28 مریدکے میں پانچ ڈاکوئوں نے کار سوار صنعت کار عاصم کو لوٹ لیا۔ ڈاکو تین لاکھ روپے کی نقد رقم، ساڑھے اٹھارہ لاکھ کے انعامی بانڈ موبائل، کار چھین لی۔ ڈاکوئوں نے مزاحمت پر علی عاصم کے ڈرائیور عمران کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ مریدکے صدر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ ڈاکوئوں نے شاہدرہ کے قریب گن پوائنٹ پر شہری اصغر سے ایک لاکھ روپے نقد، موٹرسائیکل اور موبائل چھین لیا۔ چور قربانی بکرے، چوری کرکے فرار ہو گئے۔ رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق تین نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے سرشام مقامی سگریٹ کمپنی کی سپلائی وین کو روک کر عملہ سے دولاکھ روپے کی رقم اور موبائل فونز لوٹ لئے۔رائیونڈ میں پرویز احمد اور زہیب خان وغیرہ ایجنسی کی سیل کی رقم لے کر پک اپ نمبری LES3327 پر قصور کی طرف جا رہے تھے صوئے آصل روڈ بائی پاس کے قریب تین نقاب پوشوں نے بیگ جس میں 1,97800 روپے اور جیبوں سے 4000 روپے کے قریب نقدی اور دوموبائل فونز چھین لیے۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ رات سیالکوٹ سے لاہور جانے والی مسافروین نمبر LES-4222 کو اس میں سوار چار ڈاکوئوں نے تھانہ صدر کے قریب یوٹرن پر روک کر تمام مسافروں کو یرغمال بناکر موضع گھنیاں کی طرف مسافروں سے لاکھوں روپے نقدی اور 15 سے زائد قیمتی موبائل فون چھین لیے اور فرار ہوگئے۔ صدر پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن