حافظ عبدالکریم مسلم لیگ ن میں شامل: ڈی جی خان کیلئے پارٹی صدر بنا دیا گیا
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ حافظ عبدالکریم مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر، وزیراعظم محمد نواز شریف نے انہیں سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے صاحبزادے اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ کی جگہ مسلم لیگ (ن) ڈیرہ غازی خان کا صدر مقرر کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی جانب سے خالی عہدے پْر کرنے کیلئے جن شخصیات کے نام پارٹی کے مرکزی صدر کو بھیجے گئے تھے ان کی منظوری دے دی گئی ہے دیگر خالی عہدے جن میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی، کئی کی وفات سے خالی ہوئے تھے مزید بعض عہدیدار غیر فعالیت کی وجہ سے تبدیل کئے گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کے جنرل سیکرٹری قاسم فاروق کو ترقی دے کر فیصل آباد کا ضلعی صدر بنا دیا گیا ہے ان کی جگہ تبسم علی آزاد ایم پی اے کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) ضلع جھنگ کا صدر خالد غنی، مسلم لیگ (ن) سرگودھ کا جنرل سیکرٹری شفقت حیات بلوچ ایم این اے، مسلم لیگ (ن) بہاولپور کا صدر چودھری خالد محمود ججہ کو بنایا گیا ہے۔ بہاولنگر ضلع کا صدر رانا عبدالرئوف ایم پی اے کو بنایا گیا، جنرل سیکرٹری حافظ محمود الحسن کو تبدیل کر دیاگیا ہے ان کی جگہ ان کے عزیز حسن مرتضیٰ کو جنرل سیکرٹری بنایا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) ضلع لیہ کا صدر سابق صوبائی وزیر زراعت ملک احمد علی اولکھ اور جنرل سیکرٹری ثقلین بخاری ایم این اے کو مقرر کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) منڈی بہاء الدین کا صدر شفقت گوندل ایم پی اے کو بنایا گیا ہے۔