’’قصور سکینڈل‘‘ مرکزی ملزم تنزیل الرحمن کی عبوری ضمانت خصوصی عدالت سے خارج
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نمائندہ نوائے وقت) قصور واقعہ کے مزید پانچ ملزموں کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس تھانہ گنڈا سنگھ والا نے حسین خانوالہ واقعہ کے متاثرین کی درخواست پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا جس کے بعد درج شدہ مقدمات کی تعداد 27 ہو گئی جبکہ 20ملزموں میں سے 18گرفتار اور 2مفرور ہیں۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے گزشتہ روز قصور سکینڈل کے مرکزی ملزم تنزیل الرحمان کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تنزیل الرحمان قصور ویڈیو سیکنڈل کے سات مقدمات میں نامزد ہے، عبوری ضمانت کے باوجود ملزم تفتیش میں پیش نہیں ہوا اور نہ ہی جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیٹی کے روبرو پیش ہوا ہے جس کے باعث مقدمہ میں ملزم تفتیش نہیں ہو سکی جس پر عدالت نے ملزم کو دی گئی عبوری ضمانت خارج کر دی۔