وزیراعظم نے تحفظات دور کرنے کا ٹاسک دیدیا عبدالقادر بلوچ کا متحدہ رہنمائوں سے رابطہ
اسلام آباد/ کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کو کراچی آپریشن پر متحدہ کے تحفظات دور کرنے کا ٹاسک دیدیا ہے۔ وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم کے رہنمائوں کے درمیان رابطہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی بحالی 48 گھنٹوں میں متوقع ہے۔ مذاکرات اسلام آباد میں ہی ہونگے۔ ایم کیو ایم کا وفد آج روانہ ہوگا۔ دوسری جانب عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ رشید گوڈیل حملہ کیس میں تحقیقات ہو رہی ہیں جس سے وفاقی حکومت آگاہ ہے اور جلد اس کیس میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرلیا جائیگا۔ وہ ہفتہ کو لیاقت نیشنل ہسپتال میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر رشید گوڈیل کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنے کی ضرورت پیش آئی تو اسکا فیصلہ وفاقی حکومت کریگی۔ قبل ازیں عبدالقادر بلوچ سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے گھر گئے اور انکے والد جسٹس (ر) ظفر حسین مرزا کے والد کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔