حکومت گرفتاری کی تکلیف نہ کرے میں خود کل پیش ہوجاؤنگا : گیلانی
لاہور (صباح نیوز) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ٹڈاپ)کے مختلف مقدموں میں کل31 اگست کو وفاقی انسداد بدعنوانی کی عدالت میں پیش ہونے کا اعلان کر دیا۔اپنے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹس جاری ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا یہ پاکستان پیپلز پارٹی پر منحصر ہے اپنے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر کیا موقف اختیار کرتی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران یوسف رضا گیلانی نے حکومت کو طعنہ دیتے کہا پی ایم ایل (ن) حکومت کو مجھے عدالت میں پیش کرنے کیلئے گرفتار کرنے کی تکلیف نہ کرے، ماضی کی طرح میں اس مرتبہ بھی 31 اگست کو عدالت میں پیش ہو جاؤنگا۔ میں مقدموں کا سامنا کروں گا۔ یوسف رضا نے کہا یہ پارٹی قیادت (آصف علی زرداری اور بلاول زرداری ) پرمنحصر ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کے خلاف ہونے والی کارروائی پرکیا پوزیشن اختیار کرتے ہیں۔