قومی ڈس ایبلڈ ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتی ہے: سرفراز احمد
کراچی (سپورٹس رپورٹر)بنگلہ دیش میں منعقدہ 5ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے قومی ڈس ایبلڈکرکٹ ٹیم کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری 6روزہ ٹریننگ کیمپ کے پانچویں روز پریکٹس میچ میں قومی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے کراچی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کو باآسانی 56رنزسے ہرا دیا۔ پریکٹس میچ کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار وکٹ کیپر بیٹسمین سرفرازاحمد نے قومی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ قومی ڈس ایبلڈ کرکٹرز صلاحیتوں سے مالامال ہے اور انہوں نے کرکٹ کے میدان میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا ہے ۔ قومی ڈس ایبلڈ ٹیم بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والے 5ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ میں انڈیا سمیت کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے اور مجھے امید ہے کہ قومی ٹیم ٹورنامنٹ کی فاتح بنکر وطن لوٹے گی ۔ قومی ڈس ایبلڈ ٹیم کے کپتان حسنین عالم نے سرفراز احمد کو PDCAکی جانب سے روایتی سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔ قومی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ آج سہ پہر 3بجے اختتام پذیر ہوگا اور ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق قومی ڈس ایبلڈ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کرینگے۔ پاکستان ٹیم کل شب 3بجے 5ملکی ICRCانٹرنیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے کراچی سے ڈھاکہ روانہ ہوگی۔
فاتح ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 156رنز سکور بنائے۔