قومی کھیل کی تنظیم نو کرینگے : پاکستان ہاکی فیڈریشن میں تبدیلیاں میرٹ پر ہونگی : خالد سجاد کھوکھر
لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)پاکستان ہاکی فیڈریشن میں کوئی بھی تبدیلی میرٹ پر ہوگی۔ قومی کھیل کی تنظیم نو کی ضرورت ہے۔ اہم عہدوں پر قابل افراد کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی اس سلسلے میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی مدد بھی لی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نو منتخب صدر بریگیڈئرریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ترجیحات کا تعین بھی کرنا ہے۔ پیسہ سب سے بڑا مسئلہ ہے‘فنڈز نہیں ہونگے تو اور بھی بڑا مسئلہ ہے۔ فنڈز کے درست استعمال کےلئے بھی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ غیر ضروری اخراجات سے بچنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے۔ انفراسٹرکچر پر بہت محنت اور توجہ دینا ہو گی۔ سکول کالج یونیورسٹی سطح پر قومی کھیل کی بحالی کے نئی پالیسی بنائی جائے گی۔ گراس روٹ لیول پر قومی کھیل کو دوبارہ منظم کرنا ہے۔ تمام ڈسٹرکٹس میں پلاننگ اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ایجوکیشن سیکٹر کو ساتھ ملانے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر میری زیادہ توجہ جونیئر ٹیم کی تیاریوں پر ہے۔ کھلاڑیوںکے معاشی مستقبل کو محفوظ بنانا بہت اہم ہے۔ کلب ہاکی کو زندہ کرنا انتہائی اہم ہے۔ اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹورز کا فیصلہ کرنا ہوگا۔میں نے یہ عہدہ ایک عزم اور مقصد کے تحت چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔ مشکلات کا اندازہ ہے اور مسائل سے بھی واقفیت ہے۔ ہاکی سے گہرا تعلق ہے کوشش کرونگا کہ ایک کامیاب منتظم کی حیثیت سے یاد رکھا جاوں۔