• news

لاہور، پنڈی بھٹیاں سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 15 افراد جاں بحق، 33 زخمی

لاہور (نامہ نگاران) لاہور سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں 4 طالب علموں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شیخوپورہ روڈ ٹول پلازہ جاوید نگر کے قریب تیز رفتار بس بے قابو ہوکر سڑک کنارے خراب کھڑی کوچ سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی جس کے نتیجے میں موٹر مکینک اورنگ زیب سمیت دو افراد جاں بحق اور 8 عورتوں سمیت 18 افراد زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ مسافروں سے بھری بس لاہور آرہی تھی کہ ٹول پلازہ جاوید نگر کے قریب پہنچی تو بریک فیل ہو جانے کے باعث بے قابو ہوکر خراب کوسٹر کوچ سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں خراب گاڑی ٹھیک کرنے والا مکینک اورنگ زیب اور بس مسافر موقع پر ہلاک اور 18 افراد زخمی ہوگئے جس میں سے چار زخمیوں کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ فیکٹری ایریا پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دوسری جانب جلال پور بھٹیاں کے قریب تیز رفتار ٹرک اور مسافر وین کے تصادم میں2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق مزدا ڈرائیور طارق عزیز کو اونگھ آ جانے سے آگے جانے والے ٹرک سے جا ٹکرایا جس کے نتیجہ میں مزدا ڈرائیور طارق عزیز موقع پر جاں بحق جبکہ کنڈکٹر مقصود ہسپتال میں آکر دم توڑ گیا۔ سیالکوٹ میں کنگرہ روڈ پر دو طالب علم بھائی 12 سالہ شیرون مسیح اور 10 سالہ ہارون مسیح سائیکل پر سکول جا رہے تھے کہ تیز رفتار بس نے انہیں ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں وہ سڑک پر گر گئے اور بس ان کے اوپر سے گزر گئی جس سے دونوں بھائی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ جلالپور جٹاں میں تیز رفتار مزدا نے 4 طالب علموں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 2 موقع پر جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔ پاکپتن میں کار اور موٹر سائیکل کے تصادم میں ماں بیٹا جاں بحق جبکہ باپ شدید زخمی ہوگیا۔ دریں اثناءانڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں جام روڈ انڈس ہائی وے پر ٹینکر اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کےلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ٹریفک حادثات

ای پیپر-دی نیشن