• news

مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کے تربیتی کیمپ میں دھماکہ‘ 6 اہلکار ہلاک‘ 20 زخمی‘ جھڑپوں میں چار نوجوان شہید

سرینگر (اے این این+آن لائن) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی قابض فوج کے تربیتی کیمپ میں دھماکہ، 6اہلکار ہلاک، 20 زخمی ہوگئے۔ جھڑپوں میں شہید 4 نوجوان سپرد خاک۔ بھارتی وزارت دفاع کے ذرائع کے حوالے سے بھارتی خبر رساں ادارے کا کہناہے کہ شمالی کشمیر کے علاقے پلوامہ کھریو ایریا میں واقع بھارتی فوج کے راشٹریہ رائفلز کی 50 ویں بٹالین کے تربیتی کارپس بیٹل سکول (سی بی ایس) میں دھماکے سے 6 اہلکار ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوگئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھارتی وزارت دفاع کے مطابق دھماکہ بارودی مواد کے غلط طریقے سے اٹھانے کے باعث پیش آیا جبکہبھارتی فوجی قیادت کی جانب سے دھماکے کو حادثہ قرار دیا گیا ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ دھماکہ تربیتی مشق کے دوران ہوا، 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب اوڑی اور رفیع آباد میں بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں شہید ہونے والے چار افرادکو سپرد خاک کردیاگیا ہے۔ رفیع آباد کے پانزلہ علاقے میں شہید ہوئے افراد کی میتوں کو پولیس کے حوالہ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے مقامی اوقاف کمیٹی کے حوالے کیں جن کو گزشتہ روز سپرد خاک کیا گیا۔ اس دوران لچھی پورہ اوڑی کے گھنے جنگلات میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو نو گام لا یا گیا جہاں مقامی قبرستان میں دفن کیا گیا۔ چاروں نوجوانوں کے نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر مظاہرے بھی کئے گئے۔
مقبوضہ کشمیر

ای پیپر-دی نیشن