جوہری معاہدہ سے ایران کیساتھ تمام مسائل حل نہیں ہوئے، اسرائیل کی حمایت کے پابند ہیں: اوباما
ویب کاسٹ (صباح نیوز+ اے پی پی) امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والا جوہری سمجھوتہ بم تشکیل دینے کی ایران کی راہ روک دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بات امریکی یہودی کمیونٹی سے ویب کاسٹ میں خطاب میں کہی، جس کا مقصد جوہری سمجھوتے پر برادری کی تشویش اور سوالات کا جواب دینا تھا۔ اوباما نے کہا کہ پچھلے چند ماہ کے دوران حکومت ِاسرائیل کے ساتھ بات چیت ہوتی رہی ہے جِس کا مقصد ہمارے سکیورٹی تعاون کو فروغ دینا، انٹیلی جنس میں بہتری لانا اور خطے میں ایران کی جارحانہ حرکتوں کا انسداد ہے۔ اوباما نے کہا کہ سمجھوتے پر عمل درآمد سے ہم بہت محفوظ ہو جائیں گے لیکن اس سے ایران کے ساتھ ہمارے تمام مسائل حل نہیں ہوتے۔ اِس بات کا ہمیں علم ہے اور اسرائیلی حکومت یہ جانتی ہے۔ صدر نے کہا کہ سمجھوتے میں ایسی کوئی بات نہیں جو دہشت گردی کی صورت میں ہمیں مؤثر جواب دینے سے روکے۔ اوباما نے کہا کہ وہ اختلاف رائے کے باوجود اسرائیلی حکومت کے حامی اور طرفدار ہیں۔ انہوں نے کہا وہ مشرق وسطی میں اسرائیل کی حمایت اور جانبداری کے بھی پابند ہیں۔