بھارتی جارحیت کیخلاف 65ء والا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے: جماعۃ الدعوۃ
لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعۃالدعوۃ پاکستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف قوم میں 65ء والا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان بیرونی قوتوں کی شہ پر سرحدوں پر فائرنگ اور گولہ باری کر رہا ہے۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے پشت پر کھڑی ہے اور کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ روفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا ابو الہاشم اور حافظ خالد ولید نے کہاکہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت اور بہترین میزائل ٹیکنالوجی کا حامل ملک ہے۔ بھارت جیسا بزدل دشمن سرحدوں پر فائرنگ کے ذریعہ نہتے شہریوں کو نشانہ بناکر اور اپنی فوج کی تعداد بڑھا کر پاکستان کودھمکانے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔