• news

گوادر: جیوانی ائر پورٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، منیجر سمیت2 جاں بحق: راڈار سسٹم جل کر تباہ

کوئٹہ + لاہور (بیورو رپورٹ+ نیٹ نیوز + خبرنگار+ رائٹر) بلوچستان کے ضلع گوادر میں جیوانی ائرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ائرپورٹ منیجر سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے۔ حملے میں جیوانی ائرپورٹ پر نصب راڈار سسٹم جل کر تباہ ہوگیا۔ حملہ میں جاں بحق ہونے والوں میں ٹیکنیشن خلیل اللہ اور ائرپورٹ منیجر الیکٹرانک انجینئر محمود اللہ نیازی شامل ہیں۔ اسسٹنٹ انجینئر الیکٹرانک سپروائزر الطاف حسین حملے میں زخمی ہوئے، ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں کراچی ائرپورٹ منتقل کر دیا گیا۔ بی بی سی کے مطابق سول ایوی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ جیوانی ائرپورٹ پر حملے میں ٹیکنیشن خلیل اللہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ائرپورٹ منیجر محمود نیازی کو دہشت گرد اغوا کرکے لے گئے تھے۔ واقعہ کے چند گھنٹے بعد جیوانی ہسپتال نے مغوی ائرپورٹ منیجر کی نعش ملنے کی تصدیق کردی۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان پرویز جارج نے بتایا کہ جیوانی ائرپورٹ ڈائریکشنل ریڈیو رینج نیوی گیشن کے کام آتا ہے۔ پرویز جارج نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جیوانی ائرپورٹ پر نصب مواصلاتی نظام (ریڈار سسٹم) قریباً تباہ ہوگیا ہے تاہم پروازوں کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا کیونکہ ہمارے پاس بیک اپ سسٹم موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ائرپورٹ پروازوں کیلئے استعمال نہیں ہوتا تھا یہاں پر صرف نیوی گیشن سسٹم نصب تھا۔ ایس ایس پی فرخ بشیر نے بتایا کہ حملہ صبح ساڑھے چار بجے کیا گیا۔ ائرپورٹ پر 12 حملہ آوروں نے خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اس حملے کے نتیجے میں وی او آر ٹاور کو نقصان پہنچا۔ اس سے قبل جیوانی ائرپورٹ پر لیویز تعینات تھی۔ لیویز چند ماہ تک تعینات تھی۔ حالات بہتر ہونے کے باعث ان کو ہٹا لیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ جیوانی ائرپورٹ پاکستان ایران سرحد کے قریب واقع ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے۔ رائٹر کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں انجینئرز ہیں۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ ائرپورٹ پچھلے کئی سال سے غیر فعال تھا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر مشکوک افراد کی تلاش کیلئے کارروائی شرع کردی ہے۔ دہشت گردوں نے راڈار سسٹم کو آگ لگا دی۔ حملے کا مقدمہ جیوانی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے جیوانی ائرپورٹ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ جیوانی میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد بلوچستان کے تمام ایئرپورٹس پر ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے۔ ائرپورٹس پر اے ایس ایف کے گشت میں بھی اضافہ کردیا گیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام ائرپورٹس پر سکیورٹی کو سخت بناتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے، کوئٹہ اور گوادر ائرپورٹ کی سکیورٹی کو مزید سخت بناتے ہوئے عارضی داخلی پاس منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ گوادر، دالبندین، تربت اور پسنی ائرپورٹ پر ریڈالرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دریں اثناء کوئٹہ میں حساس ادارے کے اہلکاروںنے چھاپہ مارکر ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کا شرپسند گرفتار کر لیا۔ سکیورٹی فورسز کے ذرائع نے بتایا کہ حساس ادارے کے اہلکاروں نے کوئٹہ کے علاقے کلی جیو میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم کے ایک شرپسند کو گرفتار کر لیا۔ لاہور سے خبرنگارکے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جیوانی ائرپورٹ پر ایوی ایشن ریڈار سسٹم پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور زخمی انجینئر کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔امیر مقام کے صاحبزادے کم عمر ترین ضلعی ناظم بن گئیوزیراعلیٰ بلوچستان نے کمشنر مکران ڈویژن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ گوادر میں سکیورٹی فورسز نے 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ دریں اثناء ایک اور کارروائی میں موٹر سائیکل سوار دو افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن