سوئی سدرن کے ڈی ایم ڈی نے ڈاکٹر عاصم کے کہنے پر100 سے زائد غیرقانونی کنکشن دئیے، اربوں کا نقصان
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) سوئی سدرن کے افسر میگا کرپشن میں ڈاکٹر عاصم حسین کے اہم مہرے نکلے، شعیب وارثی نے 100 کے قریب غیرقانونی کنکشن دئیے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ یہ کنکشنز کورنگی، سائٹ اور فیڈرل بی ایریا کے صنعتی علاقوں کی فیکٹریوں کو دیئے گئے تھے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈی ایم ڈی شعیب وارثی نے یہ تمام غیرقانونی کنکشنز ڈاکٹر عاصم کے کہنے پر دیئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ جوابدہی سے کبھی راہ فرار اختیار نہیں کی، ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کیلئے جو طریقہ اختیار کیا گیا اس پر اعتراض ہے، اس کا پارٹی نے برملا اظہار کیا ہے ۔ ایک انٹرویو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگر کسی پر بھی الزام ہے اور اداروں کے پاس اس کے حوالے سے ثبوت ہیں تو اس سے ضرور پوچھ گچھ ہونی چاہئے لیکن اس کے لئے جو طریق کار ہے وہی اختیار کیا جانا چاہئے۔ سب کا بلا تفریق احتساب ہونا چاہئے، جو تاثر ابھر رہا ہے اس کے بارے میں بھی ضرور سوچنا چاہئے۔ پیپلز پارٹی مہذب سیاسی جماعت ہے اور سارے معاملات کے حوالے سے یقیناً مرکزی حکومت سے بات کی گئی ہو گی۔