شہدا کے خون کا حساب لیا جائیگا، بھارت کو ایسا جواب دیں گے اس کی نسلیں یاد رکھیں گے: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے نہتے، معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر بزدلانہ فعل کا ارتکاب کیا جس کی مہذب دنیا میںکوئی مثال نہیں ملتی۔ وہ بھارتی فوج کی جارحیت کا نشانہ بننے والے سرحدی گائوں کندن پور میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے شہداء کے ورثاء میں پانچ، پانچ لاکھ روپے فی کس کے حساب سے امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کے بعد عوام سے خطاب کر رہے تھے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ارمغان سبحانی، محمد منشاء اللہ بٹ، چودھری محمد اکرام، رانا لیاقت علی، ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل اور رانا عارف بھی موجود تھے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بھارت علاقہ میں اپنا تسلط قائم کرنے کے جس ایجنڈا پر عمل پیرا ہے اسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ارض پاک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کی جائے گی اور ملک کی سلامتی اور تحفظ کیلئے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔ اگر بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور اس کو ایسا سبق سکھائیں گے جس کو بھارت کی آنے والی نسلیں بھی صدیوں یاد رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور پوری قوم بہادر افواج کے پیچھے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کرکھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں دہشت گردوں کو بھارت کی مکمل اعانت حاصل ہے جس کے ہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں جنہیں ہم عالمی برادری کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف ستمبر میں اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی جارحیت کا مسئلہ اٹھائیں گے اور بھارت کے جنگی جنون کو بے نقاب کرینگے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا جائے گا اور پاکستان کی غیرت اور حمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے اس علاقہ سے میرا جذباتی لگاؤ ہے چونکہ میں اس حلقہ سے تین مرتبہ اور ایک مرتبہ میرے والد خواجہ محمد صفدر مرحوم منتخب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور شہداء کے مقدس خون کے قطرے قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کی جانب سے شہداء کے ورثاء کیلئے مزید پانچ، پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے ایک ایک لاکھ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگراس نے سرحد پار کی تو ایسا منہ توڑ جواب دیں گے کہ وہ کبھی دوبارہ ایسی حرکت کی جرات نہیں کر سکے گا اور اس کو ایسا نقصان پہنچے گا کہ اس کی آئندہ نسلیں صدیوں تک یاد رکھیں گی۔ بھارت نے ہم پر ادھمپور‘ گرداسپور‘ سمجھوتہ ایکسپریس اور کشتی واقعات کے الزامات لگائے لیکن ساری دنیا نے دیکھ لیا کہ یہ سارے الزامات غلط ثابت ہوئے، بھارت نے یہ واقعات خود بنائے اور ان کا الزام پاکستان پر لگانے کی کوشش کی تاہم بھارتی سازشیں بے نقاب ہوئیں اور یہ ثابت ہوگیا کہ ان لوگوں کا پاکستان سے دور دور تک کا کوئی تعلق نہیں تھا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان مخصوص بھارتی ذہنیت کا مقابلہ کر رہا ہے بھارت دہشت گردوں اور بلوچستان میں علیحدگی پسندوںکی مدد کر رہا ہے، انہیں مالی امداد اور اسلحہ بھی فراہم کررہا ہے۔ بلوچستان کے علیحدگی پسند بھارتی پاسپورٹ پر سفر کرتے ہیں، پاکستان بھارتی مداخلت کے ثبوت ساری دنیا کو دے گا۔ بی بی سی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر بھارتی خفیہ ایجنسی را کی مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں اور اْن کے کارندے بھی پکڑے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سوزن رائس کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس میں موجودہ پاکستان بھارت سرحدی تناؤ کو ٹھنڈا کرنے کی بات کی جائے گی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سوزن رائس کو تمام حقائق اور ثبوتوں سے آگاہ کیا جائیگا کہ بھارت کیسے پاکستان میں دہشت گردوں کی مدد کر رہا ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ہمارے گلی، محلوں، سکولوں اور ہماری سرحدوں پر بچوں کو قتل کرنے والا ہمارا ایک ہی دشمن ہے۔
سیالکوٹ + پسرور (آن لائن+ نامہ نگار) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ مودی سرکار بھارت میں کمزور ہورہی ہے‘ ناکامی کو چھپانے کے لئے بارڈر پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ حالیہ بھارتی جارحیت پر او آئی سی کی خاموشی پر افسوس ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینٹ نے سیالکوٹ میں بھارتی افواج کی جارحیت کا نشانہ بننے والے زخمی شہریوں کی سی ایم ایچ ہسپتال میں عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بھارت خطے میں طاقت کے زور پر علاقے کا چوہدری بننا چاہتا ہے جو اس کی خام خیالی ہے۔ ملک کا ڈٹ کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور سیاستدان مسلح افواج کے ساتھ ہیں اور سیاسی و عسکری ادارے ایک صفحے پر ہیں۔ اگر بھارت نے پاکستان پر میلی نظر ڈالی تو پاکستانی عوام اور سیاستدان مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہوں گے اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے۔چیئرمین سینٹ نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جھگڑے اور اختلافات کی سب سے بڑی وجہ کشمیر ہے جہاں مسلمانوں کی اکثریت ہے مگر بھارت نے اس پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا ہے پاکستانی قوم بھارتی قابض فوج کی ان شرمناک حرکتوں اور جارحانہ کارروائیوں سے گھبرانے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی مذموم حرکات سے باز آ جائے کیونکہ سرحدی کشیدگی کسی بھی وقت جنگ میں بدل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور تحریک پاکستان کا بقایا باب ہے جہاں بھارتی فوج نے زبردستی قبضہ جما رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان جذبہ جہاد سے سرشار ہیں لہذا وہ بھارت کے مکروہ پنجوں سے آزادی چھیننا جانتے ہیں۔