خیبر پی کے: تحریک انصاف9، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن کے4,4 امیدوار ضلع ناظم بن گئے
پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے میں 22 اضلاع سے ضلع ناظمین کے انتخابی نتائج آ گئے۔ آن لائن + نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ضلعی ناظمین کے انتخابات میں تحریک انصاف نے 9 اضلاع میں ناظم کی سیٹیں جیت کر میدان مار لیا۔ جماعت اسلامی، مسلم لیگ (ن) نے چار چار اضلاع فتح کئے۔ جے یو آئی ف اور پیپلزپارٹی کے دو، دو امیدوار ضلعی ناظم بنے۔ اے این پی صرف صوابی میں فتح حاصل کر سکی۔ پشاور سے تحریک انصاف کے ارباب عاصم خان، نوشہرہ میں لیاقت خٹک، ہری پور میں عادل اسلام، بٹگرام سے عطاء الرحمان، ٹانک سے مصطفی کنڈی، کرک میں ڈاکٹر عمر دراز، ڈیرہ اسماعیل خان سے عزیز اللہ زنی، تورغرہ میں نور محمد اور چارسدہ میں پی ٹی آئی کے فہد خان نے مدمقابل کو شکست دی۔ اپر دیر میں جماعت اسلامی کے شہزادہ فصیح اللہ، چترال میں حاجی کے معرفت شاہ، بونیر میں ڈاکٹر عبیداللہ، لوئر دیر میں محمد رسول خان منتخب ہوئے۔ سوات میں مسلم لیگ (ن) کے محمد علی شاہ، شانگلہ سے نیاز امیر مقام اور مانسہرہ سے سردار سید غلام نے کامیابی سمیٹی۔ ہنگو میں جے یو آئی (ف) کے مفتی عبیداللہ اور کوہاٹ سے مولانا محمد نیاز کو فاتح قرار دیا گیا۔ مالاکنڈ میں پیپلزپارٹی کے سید احمد علی اور لکی مروت میں اشفاق احمد نے میدان مارا جبکہ صوابی کے ضلعی ناظم کی نشست عوامی نیشنل پارٹی کے امیر رحمان نے جیت لی۔ مردان میں انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے ری پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔ ضلعی نائب ناظم کی 23 نشستوں کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف 9 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ جے یو آئی (ف) نے 4 نشستیں حاصل کیں۔ جماعت اسلامی 3 سیٹیں اور پی پی، اے این پی کی دو، دو نشستیں ہیں۔ قومی وطن پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی ایک ایک نشست ہے جبکہ ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہے۔ اے این این کے مطابق مردان میں ضلع ناظم کے انتخاب کے دوران تحریک انصاف کے ارکان نے ہنگامہ آرائی اور شور شرابہ کیا۔ تحریک انصاف کے ارکان نے پولنگ سٹیشن کے اندر غیر متعلقہ افراد کی موجودگی کے الزامات عائد کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی شروع کردی جس پر ڈپٹی کمشنر شاہد اللہ نے تمام ممبران کو پولنگ سٹیشن سے نکال دیا اور بعد میں ایک ایک ممبر کو شناخت کے بعد پولنگ سٹیشن آنے کی اجازت دی گئی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے پشاور کی تین ٹائون کونسلوں میں واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کرلی۔ ٹائون فور میں مسلم لیگ (ن) اور سہ فریقی اتحاد کے امیدواروں نے میدان مار لیا۔ضلع و ٹائون کونسلز پشاور کے ناظمین اور نائب ناظمین کا انتخاب مکمل ہوگیا۔ تحریک انصاف کے ارباب محمد عاصم بلامقابلہ ضلع ناظم پشاور اور قاسم علی شاہ نائب ناظم بنے۔ ٹائون ون سے تحریک انصاف کے زاہد ندیم ناظم اور شعیب بنگش نائب ناظم منتخب ہوگئے۔ ٹائون ٹو سے تحریک انصاف کے فرید اللہ ناظم جبکہ اسرافیل نائب ناظم چن لئے گئے۔ ٹائون تھری سے تحریک انصاف ہی کے محمد علی ارباب ناظم اور وہاب خلیل نائب ناظم منتخب ہوگئے۔ ٹائون فور سے مسلم لیگ (ن) کے ہارون صفت اور جے یو آئی، اے این پی اور پیپلز پارٹی پر مشتمل سہ فریقی اتحاد کے امیدوار ارباب کمال نائب ناظم چن لئے گئے۔ نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کے طارق خان تحصیل ناظم ہری پور احسن شاہ عرف مٹھا شاہ نائب ناظم ہری پور جبکہ اسلم حیات ناظم تحصیل غازی اور محمد انور نائب ناظم منتخب ہو گئے۔ تحصیل غازی میں پی ٹی آئی کے دونوں امیدوار اسلم حیات ناظم اور محمد انور نائب ناظم بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ آئی این پی کے مطابق تحصیل کونسل میں بھی تحریک انصاف 20 نشستوں کے ساتھ بازی لے گئی ،مسلم لیگ (ن) 8 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر، اے این پی 4 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، قومی وطن پارٹی کے 2 اور پیپلزپارٹی ایک تحصیل کونسل کی نشست جیتنے میں کامیاب ہو سکی۔ مختلف شہروں میں جیتنے والے امیدواروں نے جشن منایا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور مٹھایاں بھی تقسیم کی گئیں۔ پشاور کے چاروں ٹائونز میں ٹائون وان سے زاہد ندیم ناظم ، شعیب بنگش نائب ناظم ، ٹائون ٹو سے فرید اللہ ناظم، اسرافیل نائب ناظم ، ٹائون تھری سے ارباب محمد علی ناظم جبکہ ٹائون فور سے مسلم لیگ (ن) کے ہارون صفت ناظم منتخب ہوگئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ارباب محمد عاصم کو ضلع ناظم نامزد ہونے پر یونس ظہیر نارض ہوگئے۔یونس ظہیر نے بھی محمد عاصم کے مقابلے میں کاغذات جمع کرائے تھے بعد میں وزیراعلیٰ کی مداخلت پر یونس ظہیر نے اپنے کاغذات واپس لے لیے۔ ارباب محمد عاصم کو بلا مقابلہ ناظم اور قاسم علی شاہ کو نائب ناظم پشاور منتخب کر دیا ، سہہ فریقی اتحاد کے کونسلر کی جانب سے بائیکاٹ کے باعث انہوں نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔اے پی پی کے مطابق ہنگو میں جمعیت علماء اسلام نے کلین سویپ کیا۔ ضلع ناظم سمیت تحصیل ناظمین اور نائب ناظمین کے معرکے جے یو آئی نے واضح اکثریت سے جیت لئے۔ ایبٹ آباد میں ضلع ناظم کے انتخاب میں بڑا اپ سیٹ ہوا اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو شکست ہو گئی۔ آزاد امیدوار سردار شیر بہادر ضلع ناظم اور شوکت کنول نائب ناظم منتخب ہوئے۔ ہری پور میں آغا بشیر نائب ناظم بنے۔ دیر لوئر میں پانچ تحصیلوں میں سے 4 جماعت اسلامی جیتی۔ صوابی میں جے یو آئی کے عصر خان نائب ناظم بنے۔ شانگلہ میں پی پی کے کامران اقبال ضلع نائب ناظم منتخب ہوئے۔ مردان میں پی پی پی کے اسد علی نائب ناظم ہے۔ کوہاٹ سے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی نائب ناظم کے امیدوار عبدالرشید بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔ نامہ نگار کے مطابق چکدرہ میں تحصیل نائب ناظم کے انتخاب پر پی ٹی آئی کے ورکرز آپس میں لڑ پڑے، ایک گروپ جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد جبکہ دوسرا مخالف رہا، حالات خراب ہونے پر فوج کو طلب کیا گیا۔