• news

فیصل آباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، لاہور ، اسلام آباد، کوئٹہ میں چھاپے،47 گرفتار

لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + نامہ نگاران + نیوز ایجنسیاں) فیصل آباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناکر 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ لاہور سمیت مختلف شہروں میں چھاپوں کے دوران 47 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بیرون جھنگ بازار راجباہ روڈ کے قریب سے حساس ادروں نے کار سوار 5دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا۔ دہشت گرد فیصل آباد میں بڑی کارروائی کر نا چاہتے تھے۔ حساس ادروں نے مطلوبہ کار کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ گرفتار ملزمان میں شامل تین دہشت گردوں کا تعلق وزیرستان اور دودہشت گردوں کا تعلق بنوں سے بتایا جاتا ہے۔ دریں اثنا ئقانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تعلق کے شبہ میں گرفتار سابق پولیس اہلکار الیاس کی نشاندہی پر اس کے مزید چار ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔ الیاس کی نشاندہی پر سرحدی علاقوں اور واہگہ بارڈر کے قریبی علاقوں میں کارروائی کی اور گرفتارافراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ گرفتار ملزموں سے حساس تنصیبات کے نقشے اور تصویریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبائی دارالحکومت میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ لاہور میں دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے پولیس کو 24 گھنٹے چوکنا رہنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متعدد اہم حکومتی، سیاسی و مذہبی شخصیات کواپنی سرگرمیاں محدود کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ دریں اثناء ایف سی نے گوادر کے علاقے دوروپاس میں سرچ آپریشن کے دوران 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ یہ سرچ آپریشن اتفاق ٹائون اور گردو نواح میں کیا گیا۔ ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ چیکنگ کو مزید موثر بنائیں۔ اسلام آباد میں خلاف قانون وال چاکنگ پر ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شیرداد کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے۔ لودھراں سے نامہ نگار کے مطابق ایریا کلاسن والا کے علاقے میں پولیس کا سرچ آپریشن 4 مشکوک افراد گرفتار کرلئے۔ علاوہ ازیں اورکزئی ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران ایک افغان مہاجر سمیت 3 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ گرفتار افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن