دیار غیر میں ملک کا نام بلند کرنے والے سر کا تاج ہیں، ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے: شہباز شریف
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانی وطن عزیز کے حقیقی سفیر ہیں جو قومی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ طب ہو یا انجینئرنگ، سائنس و ٹیکنالوجی ہو یا بینکنگ، یا پھر زندگی کا کوئی اور شعبہ پاکستانیوں نے محنت سے کام کر کے ملک وقوم کا نام روشن کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیار غیر میں اپنی صلاحیتوں اور محنت کو بروئے کار لا کر پاکستان کی معیشت کو ترقی دینے والے ان عظیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں آزاد اورخود مختار اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا گیا ہے جو فعال طریقے سے کام کررہا ہے اور یہ کمشن اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں سرگرم عمل ہے۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا قیام حکومت پنجاب کا ایک اور انقلابی اقدام ہے اور یہ ادارہ وطن سے دور رہنے والے ہم وطنوں کے مسائل اور شکایات کے ازالے میں اہم کردار اد ا کررہا ہے۔ پنجاب حکومت نے کمیشن کو آئینی حیثیت دی ہے اور کمشن کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے اور میں ذاتی طور پر اس ادارے کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا ہوں۔ دیار غیر میں اپنی محنت کے ذریعے وطن عزیز کیلئے زرمبادلہ کمانے والوں کی جائیدادوں پر کسی کو ہاتھ صاف نہیں کرنے دینگے اور ان کے تمام مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم اس ذمہ داری کو نبھائیں گے۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار لندن میں پاکستانیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہی اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ کمیشن کے تحت اضلاع میں بھی کمیٹیاں بنائی گئی ہے جو مقامی سطح پر ان کے مسائل حل کررہی ہیں۔ دیارغیر میں اپنی محنت کے ذریعے وطن عزیز کے لئے زرمبادلہ کمانے والوں کی جائیدادوں پر کسی کو ہاتھ صاف نہیں کرنے دیں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی تکلیف سے بچانے کیلئے ہی اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا گیا ہے اور یہ ایک آئینی ادارہ ہے جو مکمل طورپر با اختیار ہے۔ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی آن لائن بھی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی قومی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہی- ملک وقوم کی خدمت اور معیشت کی بہتری کیلئے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دیار غیر میں اپنی محنت کے ذریعے پاکستان کا نام بلند کرنے والے ہمارے سروں کے تاج ہیں اور ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے اور کسی کو ان کی جائیدادوں پر ڈاکہ ڈالنے اور قبضے کی اجازت نہیں دیں گے، انہیں مکمل عزت واحترام دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے قیام سے ہم نے ایسے نئے نظام کی بنیاد ڈال دی ہے جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو انصاف ملے گا اورکوئی ان کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈال سکے گا۔وفد کے ارکان نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے قیام پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے بلاشبہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سمجھتے ہوئے ان کے حل کے لئے عملی قدم اٹھایا ہے۔ شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب قائم کر کے بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے۔