گوجرانوالہ: کسانوں کا مطالبات کے حق میں مظاہرہ‘ 8 گھنٹے تک ٹریفک بلاک رکھی
گو جرانوالہ (نمائندہ خصوصی) کسانوں نے اپنے مطالبات کے حق میں 8 گھنٹے تک ٹریفک بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین نے مسلم لیگ (ن) کے پوسٹر بھی نذر آتش کئے جبکہ ٹرےفک بلاک ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصےلات کے مطابق عزیز کراس چوک میں کسان بورڈ نے صدر فاروق احمد اوٹھی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرکاءنے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے، مظاہرین نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور ٹائروں کو آگ لگا کر لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ جانے والی ٹریفک کو بلاک کرکے شدید نعرے بازی کی۔ اس مو قع پر مشتعل نوجوانوں نے سڑک کنارے لگے مسلم لیگی قیادت کی تصاویر والے پوسٹر اتار کر نذر آتش بھی کئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کا معاشی قتل کر رہی ہے۔ حکومت مہنگائی کے تناسب سے ریٹ مقرر کرکے دھان کی خریداری پاسکو کے ذریعے کرے۔ اس کے علاوہ دیگر فصلوں کے ریٹ بھی بڑھائے جائیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کسانوں کے احتجاج میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی اور شباب ملی کے مقامی عہدیداران اور کارکنوں نے بھی شرکت کی جبکہ واقعہ کی اطلاع پاکر ڈی سی او گوجرانوالہ اور پولےس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ احتجاج کے باعث آٹھ گھنٹے تک ٹریفک بلاک ہو نے سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ بعدازاں ضلعی انتطامےہ اور مظاہرےن کے درمےان طوےل مذاکرات کے بعد مظاہرےن منتشر ہو گئے۔
کسانوں کا مظاہرہ