سعودی تیل کمپنی کے رہائشی کمپلیکس میں ہولناک آتشزدگی‘ 11 افراد ہلاک‘ دو سو زخمی
ریاض (این این آئی) سعودی سول ڈیفنس حکام نے بتایا ہے کہ تیل پیدا کرنے والی بڑی کمپنی سعودی آرامکو کے رہائشی کمپلیکس میں آگ لگنے سے 11 افراد ہلاک اور غیر ملکیوں سمیت 200 زخمی ہو گئے ہیں۔ آرامکو کمپنی کے مطابق آگ اتوار کو علی الصبح لگی جس میں ابتدائی طور پردو افراد کی ہلاکت اور 70 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی تھیں تاہم بعد میں مرنے والوں کی تعداد 11 اور زخمیوں کی 200 تک پہنچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ جس رہائشی کمپلیکس میں آگ لگی وہ مشرقی شہر الخوبر میں واقع ہے۔ سول ڈیفنس حکام کے مطابق زخمیوں میں مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں۔ حکام کے مطابق آگ عمارت کے زیر زمین حصے میں لگی۔ آرامکو کے کارکنوں کے علاوہ سول ڈیفنس کے فائر فائٹرز بھی آگ بجھانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے تھے۔ خلیج کے دوسرے ممالک کی طرح آرامکو تیل کمپنی کی ملازمین میں بھی بڑی تعداد غیر ملکی کارکنوں کی ہے۔