لاہور سمیت کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ جاری، پانی بھی غائب
لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، کئی علاقوں میں پانی بھی غائب رہا۔ لیسکو نے شہر کے مختلف علاقوں میں 6 سے 8گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی۔ اتوار والے روز بعض علاقوں میں واسا کے ٹیوب ویل بند رہے جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چھٹی والے روز بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ 8 گھنٹے تک وقفے وقفے سے بند ہوتی رہی ۔لیسکو کا بجلی کا خسارہ1350میگاواٹ رہا، دوسری جانب صوبائی دارلحکومت میں اقبال ٹاﺅن (گلشن بلاک)، نیلم بلاک ،خیبر بلا ک ،سمن آباد پکی ٹھٹی اور یتیم خانہ میں واسا کے ٹیوب ویل بند رہے جس سے شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا رہا۔کسووال سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی لوڈشیڈنگ کا جن پھر سے بے قابو ہونے لگا۔ لوڈشیڈنگ کے باعث تاجروں سمیت گھریلو خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ کسووال، شاہکوٹ، اقبال نگر سمیت گردونواح میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا سکھ چھین لیا۔ چکوال سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، رات کے وقت بھی بجلی کی بندش کے باعث لوگوں کی نیند حرام ہوگئی۔ شہریوں نے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کے باعث بجلی کی بندش سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔